بنگلورو،28؍ اگست(ایس اونیوز) ریاست کے شعبۂ صحت میں عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے ایک انقلابی اسکیم لانے کا اعلان کرتے ہوئے ریاستی سدرامیا حکومت نے مکمل آبادی کو آروگیہ بھاگیہ اسکیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری ایک اخباری بیان کے مطابق ریاست کی آبادی پر مشتمل 1.4کروڑ گھروں کے تقریباً تمام ساکن اس اسکیم کے اہل ہوں گے۔ ان میں سے 1.05کروڑ خاندانوں کو ترجیحی بنیاد پر آدھار سے جڑی طبی خدمات مفت مہیا کرائی جائیں گی۔اس کیلئے انہیں یشسوینی یا کسی بھی سرکاری اسکیم کے تحت واجب الادا کوئی رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس زمرے میں کاشتکاروں کے خاندان ، ایڈڈ اسکول کے اساتذہ ، آنگن واڈی ، آشا اور سرکاری اور ایڈڈ اسکولوں میں دوپہر کے گرم کھانے کی فراہمی سے وابستہ کارکن ، دیگر محروم گھرانے جن کی نشاندہی معاشی سروے کے تحت کی جائے گی، مزدور طبقہ جن میں آٹو ڈرائیورس ، قلی ، کانکنی مزدور ، ٹھیلے کے تاجر ، تعمیراتی مزدور ، بنکر ، صفائی کارکن اور مہاتما گاندھی قومی روزگار ضمانت اسکیم کے مزدور ، درج فہرست طبقات میں شامل عوام ، اخباری نمائندے ، کوآپریٹیو اداروں کے ممبران اور سرکاری ملازمین شامل ہیں۔ اس اسکیم کے تحت ریاست بھر کے کوآپریٹیو اداروں کے 2.38 کروڑ اراکین کو کسی بھی طرح کی رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ریاست کے باقی 30لاکھ مکانات میں بسنے والے اصحاب اسکیم سے استفادہ کرنے کیلئے بہت کم رقم کی ادائیگی سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ شہری علاقوں کے لوگوں کو سالانہ سات سو روپے اور دیہی علاقوں کے لوگوں کو تین سوروپے آدھار کی تفصیلات کے ساتھ جمع کرانی ہوگی۔اس اسکیم کے تحت بنیادی توجہ اس بات پر دی گئی ہے کہ کسی بھی مرض یا ہنگامی صورت میں اگر علاج کی ضرورت پڑجائے تو سرکاری یا نجی اسپتال میں علاج کیلئے رقم کا تقاضہ ہرگز نہیں کیاجاسکتا۔ مریض کا علاج ہونے کے 48 گھنٹوں کے بعد جب مریض کی حالت مستحکم ہوجائے اس پر اگر 25ہزار روپیوں تک کا خرچ بھی آئے تو اس کا تقاضہ کئے بغیر مریض کا علاج جاری رکھا جائے گا۔ جہاں تک سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کا تعلق ہے انہیں اگر دواؤں ، ڈیالیسس ، خون یا ڈینگو کا شکار مریضوں کیلئے پلیٹ لیٹ کی ضرورت ہو تو یہ مفت مہیا کرائے جائیں گے۔ ریاست بھر کے سبھی سرکاری اسپتال اور میڈیکل کالجس جو 50 بستروں پر مشتمل ہیں وہاں پر معیاری علاج مہیا کرانے کی کوشش کرنے کے ساتھ نجی اسپتالوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی، اور اس کیلئے اسکیم کا عوام کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے منتخب اسپتالوں کا پینل ترتیب دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں عوام ٹول فری نمبروں سے رابطہ کرکے اسکیم کا استفادہ کرسکتے ہیں۔ ریاستی حکومت کی طر ف سے رائج اسکیم یکم نومبر 2017 سے لاگو ہوجائے گی۔